لاہورہائیکورٹ نے دوسری شادی کرنے والے شہری کی اپیل مسترد کردی

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:07

لاہورہائیکورٹ نے  دوسری شادی کرنے والے شہری کی اپیل مسترد کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پہلی بیوی سے بغیر اجازت دوسری شادی کرنے والے شہری محمد حسین کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی،عدالت نے فیملی کورٹ کی جانب سے محمد حسین کو تین ماہ قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے محمد حسین کی اپیل پر سماعت کی،دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم کے استفسار پر وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار محمد حسین نے پہلی شادی1999 میں اور دوسری شادی2017 میں کی تھی ، اس نے پہلی بیوی کو بسانے کا دعوی بھی دائر کر رکھا ہے،اس پر چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ یہ دعویٰ دوسری شادی سے پہلے کیا گیا یا بعد میں؟تاہم اپیل کنندہ اس سوال کا کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ نے سزا معقول وجوہات کے ساتھ سنائی ہے،اس لیے اپیل خارج کی جاتی ہے۔