آئی ٹی سی این ایشیا 2025 کا انعقاد، مختلف ممالک کے ساتھ ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:10

آئی ٹی سی این ایشیا 2025  کا انعقاد، مختلف ممالک کے ساتھ ٹیکنالوجی کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی کامرس نیٹ ورک (آئی ٹی سی این) ایشیا 2025 کی تین روزہ نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں کامیابی سے جاری ہے۔نمائش میں برطانیہ، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب، چین، امریکا سمیت دیگر ممالک کے وفود شریک ہیں۔عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ نے آئی ٹی سی این ایشیا کو ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر بنا دیا ہے، آئی ٹی سی این ایشیا نے پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بنانے کی راہ ہموار کر دی ہے۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے عالمی سرمایہ کاروں اور مندوبین نے آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری پر اعتماد کا اظہار کردیا۔ایونٹ کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔

(جاری ہے)

متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے ٹیکنالوجی منتقلی اور ملکی معیشت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ، شعبے کی تیزی سے ترقی کی علامت ہے، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت آئی ٹی ٹریننگز اور ہیومن ریسورس کیپٹل پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ سرمایہ کاروں نے کہا ہے کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ محض سہولت سے بڑھ کر خودمختار کاروباری صنعت بن چکا ہے،800سے زائد کمپنیوں اور 300 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے آئی ٹی سی این ایشیا میں شرکت کی۔

ایس آئی ایف سی کا پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن اور مقامی کمپنیوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں کلیدی کردار ہے۔ ایس آئی ایف سی کی موثر پالیسی کے باعث پاکستان کی برآمدات 2.6 سے بڑھ کر 3.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، ایس آئی ایف سی کی معاونت سے آئی ٹی سیکٹر میں ترقیاتی اقدامات پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں انقلابی قدم ثابت ہوگا۔