Live Updates

عالمی شہرت یافتہ لینڈ سکیپ آرکیٹیکٹ اوراسپنج سٹیزکے خالق کونگ جیان یو ڈاکیومنٹری کی شوٹنگ کے دوران ہلاک،برازیلی صدر کاافسوس کا اظہار

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:06

سادپوولو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)چین کے عالمی شہرت یافتہ لینڈ سکیپ آرکیٹیکٹ اورسپنج سٹیزکے خالق کونگ جیان یو برازیل میں اپنی زندگی پر ڈاکیومنٹری کی شوٹنگ کے دوران طیارہ حادثے میں پائلٹ اور 2فلمسازوں سمیت ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایوارڈ یافتہ ماہر تعمیرات یو برازیل میں اپنے کام پر ایک دستاویزی فلم کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں موجود تھے جب ریاست میٹو گروسو دو سول میں طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، دیگر ہلاک شدگان میں دستاویزی فلم ساز لوئز فرنانڈو فیرس داکنا فیرز اور روبنز کرسپم جونیئر شامل تھے جبکہ پائلٹ طیارے کا مالک بھی تھا۔

پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکیں۔62سالہ یو کو پائیدار شہری منصوبہ بندی کا صف اول کا معمار مانا جاتا تھا، ان کے سپنج سٹیز منصوبے میں کنکریٹ کی جگہ قدرتی ڈھانچوں کو ترجیح دی جاتی ہے تاکہ بارش اور سیلابی پانی کو جذب کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

برازیلی صدر لوئیز ایناسیو لولا ڈا سلوا نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے دور میں کونگجیان یو ایک عالمی حوالہ بن چکے تھے، ان کے سپنج سٹیز معیار زندگی اور ماحولیاتی تحفظ کا حسین امتزاج ہیں، جو مستقبل کے لیے ناگزیر ہیں۔برازیل کی کونسل آف آرکیٹیکچر اینڈ اربنزم نے کہا کہ ان کا سپنج سٹیز تصور 250شہروں میں ایک ہزار سے زائد منصوبوں میں نافذ کیا جا چکا ہے، ان کی خدمات نے نہ صرف چین بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ماحولیاتی عوامی پالیسیوں کو متاثر کیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات