ٹیکساس ، امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ دفتر پر حملہ قابل مذمت،بائیں بازو کے انتہا پسند ملوث ہیں،امریکی صدر

وہ رواں ہفتے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے جس کا مقصد ان داخلی دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ ہو گا،ٹرمپ کابیان

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:08

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای)کے دفتر پر ہونے والی مہلک فائرنگ کا الزام انتہا پسند بائیں بازو کے عناصر پر عائد کرتے ہوئے واقعے کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ آئی سی ای کے بہادر مرد و خواتین صرف اپنا فرض ادا کر رہے ہیں مگر انہیں انتہا پسند بائیں بازو کے افراد کی طرف سے دھمکیوں، تشدد اور حملوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ یہ تشدد اس بائیں بازو کی ڈیموکریٹ قیادت کی مسلسل قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بدنام کرنے، آئی سی ای کو ختم کرنے کے مطالبات اور اس کے اہلکاروں کو نازی سے تشبیہ دینے کا نتیجہ ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ حالیہ پرتشدد واقعات بالخصوص چارلی کرک کے قتل کے بعد شدت پسند بائیں بازو کے دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ رواں ہفتے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے جس کا مقصد ان داخلی دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ ہو گا۔