پنجاب یونیورسٹی سینٹ کا 361 واں اجلاس،طلبائوطالبات کیلئے 170 ملین روپے کی سکالرشپس کی منظوری

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) گورنرپنجاب کے احکامات پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بطور چانسلرپنجاب یونیورسٹی سینٹ کے 361ویںاجلاس کی صدارت کی۔پنجاب یونیورسٹی سینٹ ہال (اولڈ کیمپس )میں منعقدہ اجلاس میں ڈینز، صدور شعبہ جات، پروفیسرزاور مختلف محکموں سے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں طلبائوطالبات کوحسب روایت 170 ملین روپے کی سکالرشپس دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کی مستقبل کی ضروریات کے مطابق پہلا سٹریٹجک پلان پیش کیا گیا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ سٹریٹجک پلان کے تحت تعلیمی، مالی اور انتظامی امور کو بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلبائو طالبات کی بھاری اکثریت کو سکالرشپس ملتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیس کی وجہ سے کوئی بھی طالبعلم تعلیم نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہر طالبعلم کو پنجاب یونیورسٹی 2 لاکھ 19 ہزار کی سبسڈی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹل کی مد میں ہر طالبعلم کو ڈیڑھ لاکھ کی سبسڈی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ، پینشن اور ڈویلپمنٹ کے لئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ میں بجلی کی مد میں24کروڑ روپے کی بچت کی۔ اجلاس میں اکیڈیمک کونسل کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بجٹ 2024-25اور 2025-26کی منظوری بھی دی گئی۔