سعودی عرب نے ریاض میں پراپرٹی کرائے میں سالانہ اضافہ 5 سال کے لئے روک دیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 11:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں رینٹل پرائس کو مستحکم کرنے کے لئے نئے ضوابط متعارف کرا دیئے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی بینہ کی طرف سے گزشتہ روز منظور کردہ اور شاہی فرمان کے ذریعے نافذ کیے جانے والے ضوابط دارالحکومت ریاض میں بڑھتے ہوئے کرایوں سے نمنٹے اور پراپرٹی مارکیٹ میں توازن بحال کرنے کے لئے بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے ریاض شہر کے لیے رہائشی اور کمرشل پراپرٹیز کے کرایوں میں سالانہ اضافہ 5 سال کے لیے روک دیا گیا ہے۔ پراپرٹی جنرل اتھارٹی نے جامع انداز میں تمام نکات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اتھارٹی کی رپورٹ پر عمل درآمد 25 ستمبر سے کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ نئے ضوابط کے تحت 5 سال تک پراپرٹی کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ کرایہ نامے میں جو کرایہ ( سابقہ یا نئے کرائے ) فریقین نے طے کیے وہ پانچ برس تک برقرار رہیں گے اس کے بعد متعلقہ کمیٹی کی جانب سے نظر ثانی کی جائے گی۔