یکم اکتوبرسے مخصوص درآمدی مصنوعات پر نئے ٹیرف عائد کیے جائیں گے، امریکی صدرکا اعلان

جمعہ 26 ستمبر 2025 13:24

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے مخصوص دنیا بھر کے مختلف ممالک سے مصنوعات کی درآمد پر نئے ٹیرف عائد کیے جائیں گے جو وسیع پیمانے پر عائد کردہ محصولات کے علاوہ ہوں گے۔شنہوا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یکم اکتوبر سے ہم کسی بھی برانڈڈ یا پیٹنٹ شدہ دواساز مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کریں گے، جب تک کہ متعلقہ کمپنی امریکامیں اپنی دواسازی کی فیکٹری تعمیر نہ کر رہی ہو۔

اسی روز ایک اور پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ ہم یکم اکتوبر سے کچن کیبنٹس، باتھ روم وینٹیز اور متعلقہ مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کریں گے، جبکہ گدے دار فرنیچر پر 30 فیصد ٹیرف وصول کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ان مصنوعات کی بڑے پیمانے پر درآمد امریکا کے لیے غیر منصفانہ ہے، لہٰذا قومی سلامتی اور دیگر وجوہات کی بنا پر مینوفیکچرنگ کے عمل کا تحفظ ضروری ہے۔

ٹرمپ نےاعلان کیا کہ یکم اکتوبر سے امریکاکے باہر تیار ہونے والے بھاری ٹرکوں پر بھی 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ٹرکرز کو مالی طور پر مضبوط اور مستحکم رکھنا ہے کیونکہ یہ قومی سلامتی سمیت کئی وجوہات کے لیے نہایت اہم ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ اکتوبر میں یہ جائزہ لے گی کہ آیا ٹرمپ انتظامیہ دیگر ممالک پر وسیع النوع محصولات کو جواز دینے کے لیے ایمرجنسی اختیارات استعمال کر سکتی ہے یا نہیں۔