ناران ،نکاح نامے کے بغیر انٹری بند کیے جانے بارے سوشل میڈیا پر زیر گردش خبر میں صداقت نہیں،پولیس حکام

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:40

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)ناران میں نکاح نامے کے بغیر انٹری بند کیے جانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں،مانسہرہ پولیس اپنے تمام ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ضلع مانسہرہ کے دلکش سیاحتی مقامات پر خوش آمدید کہتی ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے سیاحوں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ پرسکون ماحول میں قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو سکیں۔

(جاری ہے)

تاہم بعض مخصوص ٹور آپریٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بے ہودہ ویڈیوز، نام نہاد میوزیکل نائٹ اور مرد و خواتین کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کی کھلے عام کوشش کرنے کے باعث صرف ان کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے جو بے حیائی کو فروغ دے رہے تھے۔مانسہرہ پولیس باقی تمام سیاح حضرات کو جنت نظیر وادی میں خوش آمدید کہتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ ضلع کے سیاحتی مقامات پر نام نہاد میوزیکل نائٹ یا کسی بھی ایسی سرگرمی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی جو مقامی ثقافت اور خاندانی ماحول کے منافی ہو۔