صوبائی وزیرسردار محمد بخش مہر کا گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے ویٹ گروورز سپورٹ پالیسی کے آغاز کا اعلان

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر نے گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے ویٹ گروورز سپورٹ پالیسی کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے یہ تاریخی اقدام کیا گیا ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کسانوں کی رجسٹریشن کے لیے صوبائی، ضلعی اور تپہ دیھ سطح پر مانیٹرنگ اور سپر ویژن کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جبکہ رجسٹریشن کا عمل بینظیر ہاری کارڈ ڈیٹا بیس، قومی شناختی کارڈ اور لینڈ ریونیو ریکارڈ کی مدد سے شروع کیا جائے گا۔

تمام زرعی فیلڈ اسسٹنٹ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر کسانوں کی رجسٹریشن مکمل کریں۔سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ صوبائی سطح پر محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر جنرلز کی سربراہی میں مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ویٹ گروورز پیکیج کے تحت 1 سے 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے 4 لاکھ 11 ہزار کسانوں کو کھاد اور یوریا فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 22 لاکھ 62 ہزار ایکڑ زمین پر گندم کاشت ہوگی اور گندم اگاؤ پروگرام کے تحت فی ایکڑ ہاری کو 24 ہزار 700 روپے دیے جائیں گے۔ سندھ حکومت اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 58 ارب روپے فراہم کرے گی۔وزیر زراعت نے مزید کہا کہ تصدیق کے بعد ڈی اے پی کھاد کی تقسیم نومبر 2025تک مکمل کی جائے گی جبکہ یوریا کے باقی دو بیگ تصدیق شدہ کسانوں کو 20جنوری 2026کے بعد کاشت کی تصدیق پر فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ زرعی افسران کی آئندہ 90 دن تک چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ہفتہ کو بھی محکمہ زراعت کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ پروگرام پر عملدرآمد میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے کسانوں کو فوری ریلیف دینے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیرنے کہا کہ سندھ کے کسان جلد از جلد محکمہ زراعت کے پاس رجسٹریشن کروائیں تاکہ اس پالیسی کے فوائد سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :