ڈپٹی کمشنر باجوڑ کا زرعی مراکز کا معائنہ ،جدید ٹیکنالوجی سے پیداوار بڑھانے کے عزم کا اعادہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:30

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے زرعی مراکز کے معائنے کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے پیداوار بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی کے ہمراہ خیبرپختونخوا حکومت کے گوڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد کے سلسلے میں ماڈل فارم سروسز سنٹر راغگان اور پشت کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر سبحان الدین نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف منصوبوں، جدید فارم مشینری، زرعی ادویات، کھاد، زیتون آئل پروسیسنگ مشین، ایگریکلچر ٹریننگ سینٹر اور دیگر سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹنل فارمنگ کے لیے فراہم کردہ آلات اور کسانوں کو دی جانے والی دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے فارم سروسز سنٹر پشت کا معائنہ کیا جہاں نرسری فارمز، فروٹ نرسری اور فارمرز کی رہنمائی کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور معیاری پیداوار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ گوڈ گورننس روڈ میپ کے تحت شفافیت، سہولت کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بناتے ہوئے کسانوں کی بھرپور داد رسی کی جائے۔