چین میں آن لائن ’منفی مواد‘ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 27 ستمبر 2025 13:00

چین میں آن لائن ’منفی مواد‘ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 27 ستمبر 2025ء) چین میں انٹرنیٹ کے نگران ادارے سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا نے ملک بھر میں دو ماہ پر محیط ایک مہم چلا رکھی ہے، جس کا مقصد ایسے آن لائن مواد کو روکنا بتایا گیا ہے، جو معاشرے میں تشدد یا دشمنی کو فروغ دیتا ہے۔ حکام کے مطابق اس مہم میں ملکی معیشت کے خلاف مایوس کن تبصرےکرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی شامل ہے۔

پیر تئیس ستمبر سے جاری یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب رواں برس چین کی معیشت دباؤ کا شکار رہی ہے اور نوجوانوں میں بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹرینڈنگ ٹاپکس، ریکمنڈیشنز اور کمنٹس سیکشنز کی سخت جانچ کرے گی۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ''مسائل پیدا کرنے والے‘‘ مواد میں فین گروپس کو لڑانے والی پوسٹس، 'ڈاکسنگ‘ کے طریقے بیچنے یا سکھانے والے مواد کے ساتھ ساتھ افواہیں اور ''سنسی خیز سازشی نظریات‘‘ شامل ہیں۔

اس ریگولیٹری ادارے نے واضح کیا کہ ایسے تبصروں کو بھی ہدف بنایا جائے گا جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ''محنت بیکار ہے‘‘ یا ''پڑھائی بیکار ہے،‘‘ یا جو کسی انفرادی منفی واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہوئے زندگی کے بارے میں مایوس کن تاثر دیتے ہیں۔

چین میں پہلے ہی آن لائن مواد پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔ اگرچہ مغربی پلیٹ فارمز بھی صارفین کے رویے کو ریگولیٹ کرتے ہیں، مگر چین میں یہ نگرانی کہیں زیادہ وسیع اور سخت ہے۔

حکام کے مطابق ان کا مقصد معاشرے میں بگاڑ اور عوامی بے چینی کو روکنا ہے۔

یہ حکومتی اعلان اس واقعے کے ایک روز بعد کیا گیا، جس میں بیجنگ پولیس نے ان تین افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا، جو مشہور اداکار یو مینگ لونگ کی موت کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق اداکار شراب نوشی کے بعد گر کر ہلاک ہوئے لیکن گرفتار ملزمان نے جعلی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلائیں اور ''عوامی نظم کو بری طرح متاثر کیا۔‘‘

ادارت: عاطف توقیر