’نہ کوئی جواب نہ دلیل، بطور پاکستانی ہمیں شرمندہ کیا‘ خواجہ آصف کو انٹرویو پر تنقید کا سامنا

خواجہ آصف کو یا تو استعفیٰ دینا چاہیئے یا ان سے لے لینا چاہیئے کیوں کہ انہوں نے ریاست پاکستان کی بے عزتی فرمائی ہے؛ وزیردفاع کے براڈکاسٹر مہدی حسن کو انٹرویو پر سینئر صحافی عامر متین کا تبصرہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 ستمبر 2025 11:47

’نہ کوئی جواب نہ دلیل، بطور پاکستانی ہمیں شرمندہ کیا‘ خواجہ آصف کو ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2025ء ) وزیر دفاع خواجہ آصف کو معروف براڈ کاسٹر مہدی حسن کو دیئے جانے والے انٹرویو پر تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔ اس حوالے سے سینئر صحافی عامر متین لکھتے ہیں کہ خواجہ آصف کو اس کے بعد یا تو استعفی دینا چاہیئے یا ان سے لے لینا چاہیئے کیوں کہ انہوں نے ریاست پاکستان کی بی عزتی فرمائی ہے، اتنے نالائق جواب جس سے پاکستان کی شان میں بہت کمی آئی ہے، پتا نہی ان کو کیا زعم ہے کہ وہ اسمبلی میں بد تمیزی سے اپوزیشن پر دھاڑ سکتے ہیں، خواتین کو ٹریکٹر ٹرالی یا پینگوئن کہہ سکتے ہیں تو اس لیے وہ مہدی حسن جیسے بڑے صحافی سے بھی بات کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نہایت نالائق انٹرویو تھا، بطور پاکستانی ہمیں شرمندہ کیا، نہ کوئی جواب نہ دلیل، کیا ایسا شخص پاکستان کے وزیر دفاع ہونے کا اہل ہو سکتا ہے؟ بطور پاکستانی ہم شرمندہ ہیں، جس طریقے سے ان کی چھترول ہوئی اور اس پر یہ نادم بھی نظر نہی آئے، کیوں جاتے ہیں یہ اس طرح کے فورم پر جب نہ عقل ہو نہ جواب ہوتا ہے، پاکستان کے بے عزتی کرواتے ہیں مگر شرمندہ نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

صحافی احمد وڑائچ کہتے ہیں کہ یہ مکالمہ لازمی سنیں کہ جب اصل والا صحافی سوال کرے تو کیا حالات ہوتے ہیں۔
اینکر پرسن ثمینہ پاشا نے لکھا کہ ان لوگوں کو فرینڈلی اور کنٹرولڈ میڈیا کی عادت ہے، جب آزاد لوگوں کے ہتھے چڑھتے ہیں تو سوائے شرمندگی کے کچھ ہاتھ نہیں آتا، اب وہاں پر اینکر کو آف ائیر کیے جانے یا نوکری سے نکلوانے، اکاؤنٹ بند کروانے اور مقدمات کا خوف تو نہیں ہوتا۔

صحافی عمردراز گوندل نے تبصرہ کیا کہ جب پریکٹس پرویز سندھیلا کی کروائیں گے اور بٹھائیں گے مہدی حسن کے سامنے تو پھر یہی ہوگا
صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف صحافی مہندی حسن کو انٹر ویو دیتے ہوئے پریشان نظر آئے، آزاد صحافت اور کنٹرولڈ صحافت کا فرق نمایاں نظر آیا، نہ کوئی جواب نہ دلیل، بطور پاکستانی ہمیں شرمندہ کیا۔