اندرونی امن و دیگر مسائل پر نظر ہے‘ حل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے علماء اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 ستمبر 2025 12:23

اندرونی امن و دیگر مسائل پر نظر ہے‘ حل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ فوج اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے، قومی یکجہتی، عالم اسلام کے مسائل حل کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے علماء اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں قومی شعور، نوجوان نسل کی تربیت اور افواجِ پاکستان کی خدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جامعہ پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر مدیرِ اعلیٰ جامعہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت میں قومی شعور کی بیداری ناگزیر ہے، طلباء و طالبات کو ملکی ذمہ داریوں کا شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں محنت، ہمت اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھ کر ملک کے دفاع اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاک فوج نے ہر دور میں ملک کا کامیابی سے دفاع کیا ہے، آپریشن بنیان مرصوص نے ناصرف پاکستان کی ساکھ کو بحال کیا بلکہ آج دنیا بھارت کی بجائے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کو عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ طلباء نے اس موقع پر پارا چنار کے حالات، غزہ میں جاری مظالم اور مجموعی طور پر مسلم دنیا کے مسائل سے متعلق سوالات بھی اٹھائے جن پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلی روشنی ڈالی، انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ پاک فوج ملک کے اندرونی امن و استحکام کے ساتھ ساتھ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی گہری نظر رکھتی ہے اور پاکستان کی افواج ہر سطح پر قومی یکجہتی اور عالمِ اسلام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، جس کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ طلباء و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ جس خلوص اور وسعت قلبی سے ان کے سوالات کے مدلل جوابات دیے گئے وہ نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا ہیں، سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پراپیگنڈے کے حوالے سے تمام شکوک و شبہات دور ہوگئے ہیں، پاک فوج ہماری آن و شان ہے اور پوری قوم سمیت تمام دینی مکاتب فکر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے، یہ خصوصی نشست نوجوانوں میں قومی شعور کے فروغ اور افواج پاکستان کے مثبت کردار کی وضاحت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔