آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متحرک

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:07

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)آزادجموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں متحرک ہیں،دودھ، مصالحہ جات، کولڈ ڈرنکس،جوسز، چشموں کے پانی، کوکنگ آئل کے سمپل لیکر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے برموقع ٹیسٹ کئے گئے، مثبت رپورٹ، عدم صفائی ستھرائی اور غیر رجسٹرڈ اشیاء کی فروختگی پر 1 لاکھ 5ہزار سے زائد مالیت کے جرمانے کئے گئے،دوران کریک ڈاؤن 65 ہزارسے زائد کے ایکسپائر اور ممنوعہ اشیاء ضبط کرتے ہوئے تلف کردیں۔

تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی ضلع نیلم کی ٹیم نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے چلہانہ، باڑیاں، جورا، کنڈلشاہی، آٹھ مقام، کیرن، لوات، دوواریاں، دودھنیال، شاردہ اور کیل کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کے معیار کی پڑتال کرتے ہوئے ایسے آئٹمز کے سمپل لیے جو موقع پر لیب کے ذریعے ٹیسٹ کئے اور رپورٹ آنے پر دکانداروں کو موقع پر جرمانے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

فوڈ اتھارٹی ٹیم نے لیب ٹیسٹوں کے علاوہ بھی دکانوں، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں تیارکردہ کھانوں اور بیکرز کے معیار کی چھان بین کرتے ہوئے کارروائیاں کیں۔ مضرصحت اشیاء باالخصوص پاپڑ، ٹافیاں، سلانٹیاں، چورن، سپاریاں جو زائد المیعاد تھیں ضبط کرنے کے بعد تلف کردیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر / فوڈ سیفٹی آفیسر سید شجاعت حسین نقوی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ دکاندار (AJK فوڈ ریگولیشنز کے مطابق) صرف رجسٹرڈ اور معیاری مصنوعات کی خرید وفروخت کریں اور صفائی ستھرائی کاخیال رکھیں ذخیرہ اندوزی نہ کریں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔

عوام الناس صحت کے تحفظ کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا مقصد عوام کو ناقص اور غیر معیاری خوراک سے محفوظ رکھنا اور ضلع نیلم کے بازاروں میں صرف محفوظ، معیاری اور رجسٹرڈ اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا۔اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسران خواجہ ممتاز، حافظ انور حسین، امتیاز حسین شائق ، سردار شبیر حسین ، فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی نے غیر معیاری اشیاء کیخلاف آپریشن میں حصہ لیا۔ عوامی حلقوں نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کوسراہاہے ۔

متعلقہ عنوان :