ٴْخواجہ فرید یونیورسٹی میں فیسوں کے اضافے کی افواہیں بے بنیاد، بیگم عشرت اشرف کا فوری نوٹس

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:25

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں فیسوں میں مبینہ اضافے کے حوالے سے طلبہ و طالبات کے ایک وفد نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور یونیورسٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن و ممبر پنجاب اسمبلی بیگم عشرت اشرف سے ملاقات کی۔ وفد نے بیگم عشرت اشرف کو فیسوں میں اضافے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔

بیگم عشرت اشرف نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی کے متعلقہ حکام اور انتظامیہ سے رابطہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا کہ طلبہ کی فیسوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی آئندہ اضافے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہیں سراسر بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم نے بھی اس کی تصدیق کی کہ یونیورسٹی طلبہ کو معیاری تعلیم اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کے اضافے کی خبروں میں صداقت نہیں۔بیگم عشرت اشرف نے طلبہ و طالبات کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مفاد اور سہولت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی اور فیسوں سے متعلق ہر فیصلے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔