ض*لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر سوموار سے 10 ڈویژن بنچز اپیلوں پر سماعت کرینگے

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:40

/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر سوموار سے 10 ڈویژن بنچز اپیلوں پر سماعت کرینگے، 10 ڈویژن بنچز ٹیکس، فوجداری، سول اور کمرشل اپیلوں پر سماعت کرینگے۔ حکم امتناعی، ضمانت، حبس بے جا، اندراج مقدمہ، جائیداد سمیت کیسز پر 24 سنگل بنچ سماعت کرینگے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد روسٹر جاری کیا گیا۔

ججز روسٹر یکم نومبر تک نافذ العمل رہے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا،ٹیکس معاملات پر سماعت کیلئے دو ڈویژن بنچز تشکیل، جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ ٹیکس کمرشل نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں دو رکنی ٹیکس ریفرنسز پر سماعت کرے گا،جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ بنکنگ اور سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نیب، انسداد دہشت گردی کیسز کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں پر سماعت کرے گا،جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل، اقدام قتل سمیت فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ منشیات کیسز میں اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس سلطان تنویر احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔