وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’ملاوٹ سے پاک صحت مند پنجاب مشن‘‘ کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، ترجمان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’ملاوٹ سے پاک صحت مند پنجاب مشن‘‘ کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق گوشت اور دودھ کے معیار کو عالمی اصولوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے جدید ایس او پیز تشکیل دی گئی ہیں جبکہ عوامی سطح پر خوراک کی حفاظت اور صفائی کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم بھی جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی ریجن میں سینکڑوں دکانوں پر فوڈ سیفٹی سے متعلق پمفلٹ، بروشرز اور بینرز تقسیم کیے گئے ہیں جن میں خوراک کے قوانین واضح طور پر درج ہیں۔ اس موقع پر دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے میڈیکل اور لیب ٹیسٹ سرٹیفکیٹس ہر وقت موجود رکھیں جبکہ دوران کام ایپرن، ہیڈ کور، ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دن رات تین شفٹوں میں دکانوں اور جنرل اسٹورز کی چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کی جا سکے۔ اس سلسلے میں ایک جامع ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں دکانداروں اور صارفین دونوں کے لیے رہنما اصول درج ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی دباؤ کو برداشت کیا جائے گا۔

سپلائرز کو اپنا قبلہ درست کرنا ہو گا کیونکہ اتھارٹی کی ٹیمیں ہر طرح کی ملاوٹ اور ناقص خوراک کی سرکوبی کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی تعلیم، آگاہی اور اجتماعی ذمہ داری کے ذریعے عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صحت مند اور ملاوٹ سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔