غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے منسلک 158 عالمی کمپنیوں کی نشاندہی

نئی فہرست میں 68 مزید کمپنیاں شامل کی گئی ہیں جبکہ 7 کو نکال دیا گیا ہے،اقوام متحدہ

اتوار 28 ستمبر 2025 14:10

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں سرگرم کمپنیوں کا نیا ڈیٹا بیس جاری کر دیا ہے، جس میں 11 ممالک کی 158 فرمز شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ فولکر ترک نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی پالیسی جنگی جرم کے زمرے میں آتی ہے۔ اس فہرست میں ایئربی این بی، بکنگ ڈاٹ کام، موٹرولا سلوشنز اور ٹرِپ ایڈوائزر جیسی عالمی کمپنیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق زیادہ تر کمپنیاں اسرائیل میں ہیں، جبکہ دیگر کا تعلق امریکا، برطانیہ، فرانس، کینیڈا، جرمنی، چین، اسپین، پرتگال، لکسمبرگ اور نیدرلینڈز سے ہے۔ نئی فہرست میں 68 مزید کمپنیاں شامل کی گئی ہیں جبکہ 7 کو نکال دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ نے کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کے باعث انسانی حقوق پر پڑنے والے منفی اثرات کا ازالہ کریں اور شفاف اقدامات اختیار کریں۔یہ ڈیٹا بیس سب سے پہلے 2020 میں تیار کیا گیا تھا، جب انسانی حقوق کونسل نے قرارداد منظور کی تھی کہ ایسی کمپنیوں کی نشاندہی کی جائے جو تعمیرات، نگرانی، انہدام یا زرعی زمین کی تباہی جیسی سرگرمیوں سے منسلک ہیں۔