ہم کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے،حزب اللہ کا دوٹوک اعلان

ہم کبھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے، ہم شہادت کے لیے تیار ہیں،نعیم قاسم

اتوار 28 ستمبر 2025 14:10

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم کسی صورت اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی۔یہ اعلان انہوں نے بیروت کے نواح میں اپنے پیشرو حسن نصراللہ کی برسی کے موقع پر ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نعیم قاسم نے کہاکہ ہم کبھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے، ہم شہادت کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے خطاب کے دوران شرکا نے حزب اللہ کے زرد پرچم، لبنانی، فلسطینی اور ایرانی جھنڈے لہرائے اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔ایرانی سیکیورٹی چیف علی لاریجانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایران حزب اللہ کا اہم حامی سمجھا جاتا ہے۔ حزب اللہ نے حسن نصراللہ اور ان کے نائب ہاشم صفی الدین کی برسی کے سلسلے میں بیروت کے مشہور راوشے راک پر ان کی تصاویر بھی پروجیکٹ کیں، حالانکہ حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی تھی۔لبنانی صدر جوزف عون نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ موقع اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ملک کی بقا ایک متحدہ ریاست، ایک فوج اور آئینی اداروں میں ہے جو خودمختاری اور وقار کی حفاظت کریں۔