ایگزیکٹیو مجسٹریٹ حیدر سلطان کا ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی ،ضلع گلگت کی حدوں میں متعدد فیکٹریاں اور کمرشل عمارتیں سیل

اتوار 28 ستمبر 2025 16:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کے احکامات کی روشنی میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ حیدر سلطان نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ضلع گلگت کی حدوں میں متعدد فیکٹریوں اور کمرشل عمارتوں کو سیل کر دیا۔کارروائی کے دوران محمد خان فرنس مل، مصباح فرنس مل نیلو کھو کارگاہ، بسین ملٹنگ مل (جاگیر بسین) اور ایک زیر تعمیر کمرشل بلڈنگ کو سیل کیا گیا۔

یہ تمام مقامات سریہ اور دیگر دھاتیں پگھلانے کے عمل میں ملوث تھے اور ان کا فضلہ و دھواں براہ راست کارگاہ نالہ میں شامل ہو رہا تھا، جو گلگت شہر کے لیے پینے کے صاف پانی کا بنیادی ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ عمل مچھلیوں سمیت آبی حیات کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو رہا تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح فیز ون کارگاہ کے قریب ایک زیر تعمیر کمرشل ہوٹل کو بھی سیل کیا گیا جو نالے میں براہ راست گندگی اور ڈرینج ڈال رہا تھا، جس سے پانی آلودہ ہو کر انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔

اس آپریشن میں ای پی اے کے ذمہ داران اور پولیس اہلکار بھی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے ہمراہ شریک تھے۔ تمام فیکٹریوں اور متعلقہ مقامات کو سیل کرنے کا مقصد عوامی صحت، ماحولیات اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔اہلِ علاقہ اور مکینوں نے اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ بروقت اور جامع اقدامات کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی اور پانی کے ذرائع کو آلودہ ہونے سے بچایا گیا۔