سوات،جنرل بس اسٹینڈ کی رات گئے منتقلی کی کوشش، ٹرانسپورٹروں اور تاجروں کا احتجاج، مذاکرات کے بعد معاملہ (آج) تک موخر

اتوار 28 ستمبر 2025 17:55

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)سوات میں رات کی تاریکی میں ٹی ایم اے بابوزئی کی جانب سے بائی پاس پر قائم جنرل بس اسٹینڈ مینگورہ کی منتقلی کی کوشش ٹرانسپورٹروں اور تاجروں نے ناکام بنا دی۔ بھاری مشینری لے کر اڈہ منتقل کرنے کی کارروائی شروع ہوئی تو ٹرانسپورٹروں اور تاجروں نے فوری طور پر روڈ بلاک کرکے احتجاج شروع کر دیا۔

اس دوران سٹی کونسل سوات کے میئر شاہد علی اور ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم بھی موقع پر پہنچ گئے۔ بائی پاس روڈ کے تاجر رہنما بخت زیب اور دیگر مظاہرین نے کہا کہ جس مقام پر اڈہ منتقل کیا جا رہا ہے وہاں کوئی سہولت موجود نہیں، اس لیے منتقلی قبول نہیں۔ بعدازاں میئر شاہد علی اور ٹی ایم اے حکام نے عبدالرحیم اور مظاہرین سے مذاکرات کیے جس میں طے پایا کہ (آج)پیر کو اجلاس بلاکر اخبار میں اشتہار جاری کیا جائے گا اور میرٹ پر نئی جگہ کا انتخاب کرتے ہوئے اڈہ بائی پاس روڈ پر ہی منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔یاد رہا کہ 2020 میں قائم اس سرکارہ اڈہ کے سیکشن فور کے ریٹ کے خلاف مالکان نے کیس کر عدالت نے ریٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹی ایم اے اور صوبائی حکومت بڑھتے ریٹ کے بجائے اڈہ خالی کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔