ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا 66واں سالانہ اجلاس،شرکاء کا سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کاعزم

اتوار 28 ستمبر 2025 18:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا 66واں سالانہ جنرل باڈی اجلاس عام منعقد ہوا جس میں کاروباری و صنعتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ سال کے اجلاس کے منٹس، سالانہ رپورٹ 2024-25، آڈٹ رپورٹ 2024-25 اور مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا گیا، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اس موقع پر ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ اور رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی اور ایک خصوصی قرارداد بھی پاس کی گئی۔

صدر ایوان میاں بختاور تنویر شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان جیسے تاریخی اور معاشی مرکز کی کاروباری برادری کی قیادت ان کے لیے باعث فخر ہے،ایوان سرمایہ کاری کے فروغ، سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ “اوپن ڈور پالیسی” کے تحت تمام فیصلے مشاورت سے کیے جا رہے ہیں تاکہ کاروباری برادری کی آواز ہر سطح پر مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔

میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ مارکیٹوں اور صنعتی زونز کے مسائل کا حل، ملکی و بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور بزنس کانفرنسز کا انعقاد، ایوارڈز کی تقسیم اور غیر ملکی چیمبرز کے ساتھ B2B روابط کا فروغ ان کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری کے مسائل زیادہ تر سرکاری اداروں سے جڑے ہیں، اس لیے ان اداروں کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلقات قائم کرنا اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں اور ممبران نے صدر میاں بختاور تنویر شیخ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ایوان کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ایوان کی سب کمیٹیوں اور الائنس آف ملتان ٹریڈ باڈیز کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر محسن خواجہ، نائب صدر اظہر بلوچ،خواجہ محمد یوسف، خواجہ محمد حسین، میاں فضل الہی شیخ، خواجہ صلاح الدین، خواجہ محمد الیاس، مجید اللہ خان، سید افتخار علی شاہ، نوید اقبال چغتائی، سید ثاقب علی، ندیم احمد شیخ، محمد وسیم شیخ، چوہدری طارق کریم، ظفر اقبال صدیقی، احتشام الحق، شیخ فیصل سعید، شیخ محمد امجد، محمد یونس غازی، خواجہ محمد علی، طلعت جاوید، شیخ طاہر امجد، جہانزیب دھرالہ، محمد طارق خان، کرن امجد، اور بڑی تعداد میں وومن ونگ ایم سی سی آئی کی کاروباری خواتین اور سیکرٹری جنرل ایوان محمد شفیق موجود تھے۔