ٹھل پریس کلب میں بڑی چوری، نامعلوم ملزمان قیمتی سامان لے اڑے، صحافیوں کا احتجاج

اتوار 28 ستمبر 2025 19:25

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) ٹھل پریس کلب میں بڑی چوری، نامعلوم ملزمان قیمتی سامان لے اڑے، صحافیوں کا احتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہوچکی ہے گزشتہ شب نامعلوم چور رات کی تاریکی میں پریس کلب ٹھل کی کھڑکیاں توڑ کر سولر پینل، بیٹری، پنکھے اور دیگر قیمتی سامان اٹھا کر باآسانی فرار ہوگئے واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی، پریس کلب ٹھل کے صدر حاجی سرمد کنڈرانی نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا یہ مرکز ہمیشہ شہری مسائل کو اجاگر کرتا رہا ہے مگر اب خود یہ جگہ جرائم پیشہ عناصر کے نشانے پر آ گئی ہے، حاجی سرمد کنڈرانی نے مزید کہا کہ پولیس کی ناکامی اور گشت کے ناقص انتظامات نے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند کر دیے ہیں جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرے، چوری شدہ سامان برآمد کیا جائے اور پریس کلب سمیت شہر کے دیگر عوامی مقامات پر سیکورٹی کے موثر اقدامات کیے جائیں، جیکب آباد کے صحافیوں حاکم علی ایری، عبدالرحمن آفریدی، زاہد حسین رند، عبدالغنی کھوسو، آصف علی بھٹی اور دیگر نیپریس کلب ٹھل سے ہونے والی چوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگرفوری طور پر چوری واپس نہیں کرائی گئی اور ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو ضلع بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔