Live Updates

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دھان کی فصل پرتیلے کا حملہ،کاشتکاروں کو بروقت تدارکی اقدامات کرنے کی ہدایت

پیر 29 ستمبر 2025 12:49

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) سیلاب اور حالیہ غیر معمولی بارشوں کے باعث سیالکوٹ کے مختلف دیہات میں دھان کی فصل پرتیلے کا حملہ مشاہدے میں آیا ہے۔ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن )سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے علاقہ بجوات کے دیہات کھچی ماند اور چک سانتھل میں دھان کے تیلے کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے، جو چھ سال بعد دوبارہ شدت کے ساتھ ظاہر ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پودے کی جڑوں سے رس چوس کر فصل کو کمزور کرتا ہے اور پیداوار میں نمایاں کمی کا باعث بنتا ہے۔ زیادہ بارشیں اور سلابی صورتحال اس مسئلے کو بڑھانے کا سبب بنی ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فصل کا بروقت معائنہ کریں اور ہاپر کی موجودگی کی صورت میں محکمہ زراعت کے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیت میں موجود جڑی بوٹیوں کو تلف کریں ، جھنڈ والی پنیری نہ لگائیں اور کھیت میں مسلسل پانی کھڑا نہ رہنے دیں ۔

انہوں نے کہا کہ تیلے کے تدارک کے لیے ٹرائی فلومیزوپرم، نائیٹین پائیرم، پائی میٹروزین ، ڈائنوٹیفورن اور فلونیکامڈ کے استعمال سے فصل کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار تیلہ کے خاتمے میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں تاکہ پیداوار میں کمی سے بچا جا سکے۔ کسان بھائی مزید رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن17000۔0800پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات