اوپن ماسٹرز گیمز 2026 آئندہ سال 6فروری سے ابوظہبی میں شروع ہوں گی

پیر 29 ستمبر 2025 17:25

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) اوپن ماسٹرز گیمز آئندہ سال 6 سے 15 فروری 2026 تک ابوظہبی میں ہوں گے ، جن میں 100 سے زائد ممالک کے 25 ہزار سے زیادہ کھلاڑی 37 کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ ایونٹ انٹرنیشنل ماسٹرز گیمز ایسوسی ایشن (آئی ایم جی اے ) کا مرکزی عالمی مقابلہ ہے جو ہر 4سال بعد منعقد ہوتا ہے ۔

انٹرنیشنل ماسٹرز گیمز ایسوسی ایشن کا قیام 1985 میں عمل میں آیا اور اسے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے ماسٹرز سپورٹس کی نمائندہ تنظیم کے طور پر تسلیم کیا گیا ۔ یہ ادارہ ’سب کے لئے کھیل‘ کے فلسفے کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔منتظمین کے مطابق اوپن ماسٹرز گیمز ابوظہبی 2026 کا مقصد معاشرے کے ہر طبقے کو کھیلوں میں شمولیت کی ترغیب دینا، صحت مند اور فعال طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور دنیا کے سامنے امارات کی ثقافت و ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ گیمز 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے کھلے ہوں گے (تیراکی کے لیے عمر کی حد 25 سال ہوگی) اور ان میں مہارت کی کوئی شرط نہیں ہوگی۔ ان گیمز کے مقابلے ابوظہبی، العین اور الظفرہ کے 20 سے زائد مقامات پر ہوں گے۔ابوظہبی سپورٹس کونسل کے سیکرٹری جنرل عارف العوانی نے کہا کہ یہ ایونٹ امارات کے وژن سے ہم آہنگ ہے جو ہر عمر کے افراد کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ گیمز کھیلوں میں نسل در نسل شرکت کو بڑھائیں گے اور ملک میں کھیلوں کا ایک دیرپا ورثہ چھوڑیں گے۔انٹرنیشنل ماسٹرز گیمز ایسوسی ایشن کے سی ای او جینس ہولم نے یقین ظاہر کیا کہ ابوظہبی ایڈیشن منفرد ہوگا کیونکہ امارت کے پاس عالمی معیار کی سہولیات اور بڑے کھیلوں کے انعقاد کا وسیع تجربہ موجود ہے۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ 1,40,000 سے زائد ہوٹل نائٹس، 5 ارب سے زیادہ سوشل میڈیا امپریشنز اور 165 ملین درہم سے زائد سپانسرشپس پیدا کرے گا۔

اوپن ماسٹرز گیمز ابوظہبی 2026 کے سینئر ایڈوائزر پیٹر وہیلر کے مطابق سب سے زیادہ مقبول کھیل فٹبال ہوگا جس میں 14 ہزار کھلاڑی شریک ہوں گے، اس کے بعد والی بال (2,160)، 7کھلاڑیوں کا فٹبال (2,000)، ایتھلیٹکس اور سائیکلنگ (1,500، 1,500) اور تیراکی، ٹرائی تھلون اور برداشت کے گھڑ دوڑ کے مقابلے (1,000، 1,000، 1,000) شامل ہوں گے۔