آسٹریلوی ٹیم کپتان پیٹ کمنز کے ایشیز سیریز میں شرکت کے امکانات روشن، حتمی فیصلہ 17 اکتوبر کو ہوگا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:18

آسٹریلوی ٹیم کپتان پیٹ کمنز کے ایشیز سیریز میں شرکت کے امکانات روشن، ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) آسٹریلیا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر اور ٹیسٹ ٹیم کپتان پیٹ کمنز رواں موسمِ گرما میں ہونے والی ایشیز سیریز کے کسی مرحلے میں ضرور شرکت کریں گے جبکہ ان کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت کا فیصلہ 17 اکتوبر کو متوقع ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اینڈریو میکڈونلڈ نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 32 سالہ پیٹ کمنز کمر کی تکلیف کے باعث ٹیسٹ سیزن کے بڑے حصے سے باہر ہو سکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ کے مطابق پیٹ کمنز کی بحالی میں پیش رفت ہو رہی ہے اور رواں ہفتے ان کا ردعمل حوصلہ افزا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹ کمنز نے اپنی ٹریننگ میں کچھ نئی ایکسرسائز شامل کی ہیں۔ اگر سب کچھ مثبت رہا تو وہ پہلے ٹیسٹ تک فٹ ہو سکتے ہیں، ورنہ ہم سیریز کے دوران ان کی واپسی کی امید رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

پیٹ کمنز کو کمر کے نچلے حصے میں سٹریس انجری کا سامنا ہے، جس کے بعد سے وہ بولنگ سے دور ہیں۔

مکمل بحالی کے لیے بولنگ میں واپسی ایک اہم مرحلہ ہے، اور اسی بنیاد پر ان کی فٹنس کا درست اندازہ لگایا جائے گا۔اگر پیٹ کمنز پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل پاتے تو کپتانی کی ذمہ داری سٹیو سمتھ کو سونپی جائے گی، جیسا کہ ماضی میں بھی ہوتا آیا ہے۔ میکڈونلڈ نے واضح کیا کہ سٹیوسمتھ قیادت کے تجربے کے باعث قدرتی انتخاب ہوں گے۔پیٹ کمنز کی غیر موجودگی کی صورت میں مائیکل نیسر، شان ایبٹ، برینڈن ڈوگٹ اور فرگس او نیل جیسے فاسٹ بولرز کو موقع مل سکتا ہے، جبکہ جھائی رچرڈسن کی واپسی بھی ممکن ہے اگر وہ بروقت فٹ ہو جائیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے 74 ویں ایڈیشن کا آغاز رواں سال نومبر میں آسٹریلیا میں ہوگا.

متعلقہ عنوان :