جامعہ دائود میں جبراً طلبہ کے داخلے منسوخ کرنا تعلیم دشمن فیصلہ ہے، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی

پیر 29 ستمبر 2025 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی آبش صدیقی نے جامعہ دائودانجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں جبراً طلبہ کے داخلے منسوخ کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام سراسر غیر قانونی اور طلبہ دشمنی پر مبنی ہے۔ طلبہ کو ان کے بنیادی حقِ تعلیم سے محروم کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر نوجوان کا بنیادی آئینی اور جمہوری حق ہے، لیکن جامعہ داد انتظامیہ نے داخلے منسوخ کرکے طلبہ کے مستقبل کو دا پر لگا دیا ہے۔ یہ فیصلہ نا صرف طلبہ بلکہ ان کے والدین کیلئے بھی شدید تشویش اور اضطراب کا باعث ہے۔ناظم کراچی نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی طلبہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ داخلے کی منسوخی کے خلاف شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک طلبہ کو ان کا جائز حق واپس نہیں مل جاتا۔اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نے حکومتِ سندھ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس غیر قانونی فیصلے کا نوٹس لیں اور طلبہ کو ان کا حقِ تعلیم واپس دلائیں۔