علیمہ خان کو پیش نہ کرنے پر جج برہم، ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو چھ ماہ قید کی سزا سنادی

دونوں کے معافی مانگنے پر جج نے سزا واپس لی، علیمہ خان کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم

منگل 30 ستمبر 2025 02:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او صادق آباد اور اے ایس آئی کو چھ ماہ قید کی سزا سنادی، دونوں کے معافی مانگنے پر عدالت نے فیصلہ واپس لے لیا۔

(جاری ہے)

پیر کو اے ٹی سی راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کیخلاف 26 نومبر صادق آباد احتجاج کیس پر سماعت کی جج نے علیمہ خان کے عدالت میں پیش ہونے کے نوٹسز کی تعمیل نہ کرانے پر سخت ترین نوٹس لیا اور ایس ایچ او تھانہ صادق آباد اور اے ایس آئی تعمیلی کو 6 چھ ماہ قید کی سزا سنادی۔

ایس ایچ او اور اے ایس آئی کے معافی مانگنے پر جج نے سزا واپس لی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ تھانہ محرر تبدیل ہوا جس کے سبب علیمہ خان کو پیش کرنے کے حکم کی تعمیل نہ ہوسکی۔عدالت نے ایس ایچ او ندیم عباس اور اے ایس آئی شکیل کا عذر قبول کرتے ہوئے معافی منظور کرلی اور علیمہ خان کے خلاف سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے علیمہ خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر چالان کی نقول تقسیم کی جائینگی۔