وفاقی اردو یونیورسٹی، شعبہ ابلاغ عامہ،گلشن کیمپس میں محفل میلاد کا اہتمام

منگل 30 ستمبر 2025 17:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)وفاقی اردو یونیورسٹی، شعبہ ابلاغ عامہ،گلشن کیمپس میں محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے انچارج شعبہ ڈاکٹر ارم فضل نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی تمام انسانوں خصوصا مسلمانان عالم کے لئے نمونہ ہے جس پر عمل کرکے دین اور دنیا دونوں جگہ کامیاب زندگی گزاری جاسکتی ہے۔

حضور اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں انسانیت کی خدمت، انصاف، اور سچائی کا راستہ اپنانے کا درس دیتی ہے۔ حضور نبی اکرمﷺ کی ولادت باسعادت کے حوالے سے منعقد کی جانے والی روحانی محفل کا بنیادی مقصد پیغمبر محمداکرم ﷺ کی زندگی اور ان کے پیغامِ امن، ہمدردی، انصاف اور اتحاد کو اجاگر کرنا ہے۔اللہ خود فرماتا ہے کہ میری محبت پانے کا طریقہ یہ ہے کہ میرے حبیب ﷺ کا اتباع کرو۔

(جاری ہے)

ہمارے نبی ﷺ نے اپنی پوری زندگی ناانصافی کے خلاف جدوجہد کے لیے وقف کردی۔وہ جبر کے سامنے ڈٹے رہے۔غریب اور یتیم لوگوں کے حقوق کی وکالت کی۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے دنیا میں امن، محبت، اور بھائی چارے کا پیغام پھیلایا اور آپ ﷺ نامساعد حالات کے باوجود کبھی بھی اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔حضور اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ انسانیت کی خدمت، اخلاقیات، دیانت داری، اور انصاف کو اپنا شعار بنائیں۔

ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ارد گرد کے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کریں اور ان کی مدد کریں، چاہے وہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں۔۔ہمارا یہ عزم ہونا چاہئے کہ ہم نبی ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور اپنے معاشرے کو ایک بہتر جگہ بنانے کی کوشش کریں۔ محفل میلاد میں رفعت قدیر، کنزی فاطمہ،حسن نسیم اور محمد اظہر حسین سہروردی نے نعتیہ کلام سے حاضرین محفل کے دل موہ لئے جبکہ نظامت کے فرائض رفعت قدیر نے سر انجام دیئے۔ محفل میلاد کا اختتام اظہر سہروردی نے ملک وقوم اور وفاقی جامعہ اردو کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی دعاں سے کیا۔میلاد ارگنائزرز میں حسن نسیم اور محمد حمد شامل تھے جنہوں نے ظہرانے کی شکل میں مہمانوں کی تواضح کا بھی اہتمام کیا۔

متعلقہ عنوان :