کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ملتان ریجن کی کارروائی، 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

منگل 30 ستمبر 2025 16:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان ریجن کی ٹیم نے زرعی فارم کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی، سرقہ بالجبر اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم معمول کے گشت اور مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے زرعی فارم کے قریب موجود تھی کہ اس دوران پولیس نے پلی نسیم والی کی سمت سے آنے والے موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی،جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت محمد تنویر اور وقاص کے نام سے ہوئی۔ دونوں ملزمان ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے۔ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول اور بلا نمبری موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔ترجمان سی سی ڈی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم سے پاک معاشرے کا قیام محکمے کی اولین ترجیح ہے۔