مسابقتی کمیشن نے میسرز بی بی ای ڈی پرائیویٹ لمیٹڈ کو یورو گیس کے اکثریتی شئیرز کے حصول کی منظوری دیدی

منگل 30 ستمبر 2025 23:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے میسرز بی بی ای ڈی پرائیویٹ لمیٹڈ کو میسرز یورو گیس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اکثریتی شیئرز کے حصول کی منظوری دے دی ہے ۔بی بی ای ڈی پرائیویٹ لمیٹڈ سنگاپور میں قائم انرجی کے شعبے میں ٹریڈنگ کرنے والی ایک انویسٹمنٹ ہولڈنگ کمپنی ہے اور بی بی انرجی گروپ ہولڈنگ لمیٹڈ کی مکمل ملکیتی سبسڈری ہے۔

کمپنی شیئر پرچیز اور شیئر سبسکرپشن معاہدے کے تحت یورو گیس (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں اکثریتی ملکیت حاصل کرے گی۔یورو گیس (پرائیویٹ) لمیٹڈ 2022ء میں پاکستان میں رجسٹرڈ ہوئی اور تاحال تجارتی سرگرمیاں شروع نہیں کیں تاہم کمپنی کا ارادہ ہے کہ ریگولیٹری منظوریوں کے بعد ایل این جی کی ٹریڈنگ کرے گی۔

(جاری ہے)

اس ٹرانزیکشن کے بعد فروخت کنندگان کمپنی میں اقلیتی شیئرز برقرار رکھیں گے۔

مسابقتی کمیشن نے اس ٹرانزیکشن کا جامع جائزہ لیا اور چونکہ یورو گیس نے ابھی مارکیٹ میں داخل نہیں ہوئی، اس لئے اس مرحلے پر اس ٹرانزیکشن سے متعلقہ مارکیٹ میں مسابقتی خدشات پیدا نہیں ہوتے تاہم ایک بین الاقوامی کمپنی کے ساتھ مل کر یورو گیس کا ایل این جی مارکیٹ میں داخلہ مارکیٹ میں کمپٹیشن کو بڑھا سکتا ہے اور ملک میں ایل این جی کی سپلائی کو متنوع بنا سکتا ہے جو فی الحال سرکاری اداروں کے زیر اثر ہے۔