اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا

منگل 30 ستمبر 2025 23:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین فقیر محمد لاکھو کی ہدایت پر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، آرٹس ریگولر، کامرس ریگولر اور ہوم اکنامکس کے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2025 میں شرکت کے اہل اور خواہشمند امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایسے تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے بروز بدھ یکم اکتوبر سے 15اکتوبر 2025 تک انٹربورڈ کراچی کے آفیشل آن لائن ویب پورٹل https://portal.biek.edu.pkکے ذریعے جمع کرواسکتے ہیں جبکہ مقررہ امتحانی فیس بھی اسی آن لائن پورٹل پر "Kuick Pay"کے ذریعے ادا کی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

وہ طلبا ء جو ناگزیر وجوہات کی بنا پر درج بالا تاریخوں میں اپنے امتحانی فارم جمع نہیں کرواسکیں وہ 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ16اکتوبر سے 22اکتوبر 2025 تک جبکہ 1000روپے لیٹ فیس کے ساتھ 23اکتوبر سے 29اکتوبر 2025 تک آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنے امتحانی فارم اور فیس جمع کرواسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں درجہ بالا تمام گروپس کی مارکس شیٹس متعلقہ کالجوں کو بھیج دی گئی ہیں۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سے درخواست ہے کہ وہ امتحانی فارم آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کروانے سے متعلق طلبہ کی رہنمائی کریں۔ اب کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے کسی نمائندے کے ذریعے امتحانی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :