جنوبی کوریا کا آئندہ سال دفاعی بجٹ میں 8.2 فیصد اضافے کا اعلان

بدھ 1 اکتوبر 2025 10:00

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) جنوبی کوریا نے اپنے دفاعی بجٹ میں آئندہ سال 8.2 فیصد اضافے کا اعلان کردیاجس سے اس کا حجم 66.3 کھرب وان (تقریباً 47.1 ارب ڈالر) ہو جائے گا۔رائٹرز کے مطابق یہ اعلان جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے بدھ کے روز 77 ویں یوم افواج کے موقع پر کیا۔انہوں نے قومی سلامتی کو امن کی بنیاد قرار دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دنیا ایسے دور میں داخل ہوچکی ہے جہاں تعاون اور مشترکہ ترقی کا جذبہ کمزور ہورہا ہے اور ہر ملک کو اپنے دفاع کے لیے خود پر ہی انحصار کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفاعی بجٹ میں اضافے کا بڑا حصہ جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈرونز اور روبوٹس پر خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی دفاعی اخراجات پہلے ہی شمالی کوریا کی مجموعی قومی آمدنی سے 1.4 گنا زیادہ ہیں، یہ فرق برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ امن قائم رہ سکے۔یاد رہے کہ لی جے میونگ نے جون 2025 میں اس وقت اقتدار سنبھالا تھا جب سابق صدر یون سوک یول کے مارشل لا نافذ کرنے کے متنازع اقدام کے بعد ملک میں سیاسی بحران پیدا ہو گیا تھا۔