پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ میں خاتون کنٹرولر شمائلہ منظور کی تعیناتی چیلنج

عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ میں خاتون کنٹرولر شمائلہ منظور کی تعیناتی کو چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے ڈپٹی کنٹرولر ٹورزم حافظ غضنفر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے اشتیاق اے خان ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب میں کنٹرولر ٹورازم کی سیٹ کے لیے کوئی قانون سازی نہیں کی گئی اور نہ ہی ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے رولز اینڈ ریگولیشن اس کی اجازت دیتے ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ کنٹرولر کی سیٹ تخلیق ہی نہیں کی گئی، اس لیے اس پر تعیناتی غیر قانونی ہے۔اشتیاق اے خان ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صرف فیڈرل گورنمنٹ کے بنائے گئے قانون کے مطابق کنٹرولر کام کر سکتا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب حکومت کی جانب سے کنٹرولر ٹورزم کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے۔عدالت نے پنجاب حکومت سے اس حوالے سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔