یونیورسٹی آف سرگودھا اور برگد سوسائٹی آف ہیومن ریسورسز لاہور کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور برگد سوسائٹی آف ہیومن ریسورسز لاہور کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانے، رضا کارانہ خدمات کو فروغ دینے سمیت تحقیق، اختراع اور تعلیمی وسماجی روابط کو فروغ دینا ہے تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔

معاہدے پر دستخط ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگد صبیحہ شاہین نےکیے۔اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان اور دونوں اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے تربیت، رہنمائی اور مہارتوں کے فروغ پر مشترکہ کام کریں گے، جبکہ رضاکارانہ خدمات اور شہری ذمہ داری کو طلبہ کی مہمات اور کمیونٹی پروجیکٹس کے ذریعے فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح سٹارٹ اپس، انکیوبیشن اور مینٹورشپ پر مشتمل پروگرامز کے ذریعے اختراع اور کاروباری مواقع پیدا کیےجائیں گے،جبکہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن پر سیشنز، ورکشاپس اور مشترکہ تحقیق بھی کی جائے گی۔شراکت داری کے دیگر اہم پہلوؤں میں ماحولیاتی تبدیلی اور پائیداری، امن وسماجی ہم آہنگی، تحقیق وپالیسی ایڈووکیسی اور طلبہ، اکیڈمیہ، سول سوسائٹی، حکومت اور نجی شعبہ جات کے مابین روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور سماجی شمولیت کے نئے راستے کھل سکیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ اس قسم کے تعاون سےطلبہ کو قیادت کی صلاحیتیں اجاگر کرنے، معاشرے سے جڑنے اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے عملی مواقع میسر آئیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے کہا کہ یہ شراکت داری دونوں اداروں کو سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے، جدت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے سماجی و معاشی کردار کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔تقریب میں ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈین فیکلٹی آف آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس اور کیریئر ڈویلپمنٹ آفیسر معصومہ زہرہ بھی شریک ہوئیں۔