تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں پانی کی سطح اور ذخائر مستحکم ہیں ، ترجمان

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) واپڈا کے ترجمان نے ملک کے اہم دریاؤں اور آبی ذخائر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں پانی کی آمد و اخراج کا اوسط بہاؤ معمول کے مطابق برقرار ہے۔ ترجمان کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 81 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 81 ہزار کیوسک ہے، جبکہ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد اور اخراج دونوں 8 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 93 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 87 ہزار 800 کیوسک ہے۔ ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 29 ہزار 600 کیوسک جبکہ اخراج 16 ہزار 700 کیوسک ہے، اور نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد و اخراج 10 ہزار 500 کیوسک کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

آبی ذخائر کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تربیلا ریزروائر میں آج پانی کی سطح 1550.00 فٹ اور ذخیرہ 57 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

منگلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1240.75 فٹ اور ذخیرہ 71 لاکھ 75 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 649.00 فٹ اور ذخیرہ 3 لاکھ 11 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واپڈا کے ترجمان نے مزید کہا کہ تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں کل قابل استعمال پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 32 لاکھ 14 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جو ملک کی آبی ضروریات کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تربیلا، منگلا اور چشمہ پر پانی کی آمد و اخراج 24 گھنٹے کے اوسط بہاؤ کی صورت میں ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ اور دیگر مقامات پر پانی کی آمد و اخراج کی تفصیل گذشتہ صبح 6 بجے کی رپورٹ کے مطابق ہے۔