یو ای ٹی لاہور کی تاریخ میں پہلی بار سیرت طیبہؐ پر نمائش کا انعقاد

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں پہلی بار سیرت طیبہؐ پر عظیم الشان نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا اہتمام المدینہ اسلامک ریسرچ سنٹر نے انکویزیٹرز کوئز سوسائٹی کے تعاون سے کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر تھے جنہوں نے ربن کاٹ کر اس تاریخی نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

نمائش میں پوسٹر گیلری، سیرةؐ ماڈلز، ورچوئل ریئلٹی، انٹرایکٹو تھری ڈی ویوز، سکالرز کی جانب سے علمی وضاحتیں اور طلباء کے لیے کوئزز و سرٹیفکیٹس شامل تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش طلباء کو سیرتِ نبویؐ سے روشناس کروانے کا ایک انوکھا اور جدید انداز ہے۔

(جاری ہے)

سیرتِ رسولؐ کو جاننا اور اس پر عمل کرنا ہمارے کردار سازی کا بنیادی ستون ہے۔

اسوہ رسولؐ کا ہر گوشہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ یونیورسٹی میں اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف طلباء کے علم میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ ان میں دین اور آقا دو جہاںﷺ سے محبت کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اسوہ حسنہؐ پر عمل کرنا چاہیے اور بعثت نبویؐ کے مقاصد پر غور کرنا چاہئے۔ سیرت منانے کا نہیں اپنانے اور عمل کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔ نمائش میں رجسٹرار، ڈینز، مختلف تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔ وائس چانسلر نے اس نمائش کے انعقاد پر المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :