پنجاب کے بالائی علاقوں اور راولپنڈی میں 5 سے 7 اکتوبر تک شدید بارشوں کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بالائی علاقوں خصوصاً راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور دیگر اضلاع میں 5 سے 7 اکتوبر تک شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے بالائی حصوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے جبکہ برساتی ندی نالوں خصوصاً راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور ممکنہ ایمرجنسی صورتحال میں فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی تاکید کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جس کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی یا طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرج چمک اور بجلی کی تیز کڑک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے پرہیز کریں۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور ہنگامی صورتحال میں عوام فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔