منشیات کی روک تھام سمیت ڈرگ ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،کمشنر مردان

بدھ 1 اکتوبر 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) کمشنر مردان نثار احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منشیات کی روک تھام سمیت ڈرگ ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ وہ کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں صوبائی ایکشن پلان کے تحت مختلف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، سوشل ویلفیئر اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔

مختلف محکموں نے این سی پی گاڑیوں اور منشیات کے استعمال کے خلاف کاروائیوں، منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور منشیات کے مقدمات کے حوالے سے بریفنگ پیش کی۔ محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے حکام بتایا کہ مردان سرکل میں 2023 سے مختلف کاروائیوں میں 6118 کلوگرام چرس، 430 کلوگرام ہیروئن, 314 کلوگرام افیون اور 38 کلوگرام آئس برآمد کر کے 387 ایف آئی آر درج کیے گئے جبکہ ایک سو این سی پی گاڑیاں قبضے میں لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح محکمہ سماجی بہبود کے ضلعی افسر محمد شعیب نے کہا کہ مردان کے منشیات بحالی مرکز میں اب تک دو ہزار سے زیادہ نشئیوں کو علاج اور بحالی کی سہولت مہیا کی گئی۔ اسی طرح صوابی کے منشیات بحالی مرکز میں بھی سینکڑوں نشیوں کا علاج کیا گیا ہے اور اب بھی مردان اور صوابی کے دونوں مراکز میں بالترتیب 113 اور 60 منشیات کے عادی افراد کی بحالی کا عمل جاری ہے۔

پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے افسر نے مختلف مقدمات میں ملزمان کو دی گئی سزاؤں کی تفصیل بیان کی۔ کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مختلف محکموں کے مابین بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے منشیات کی تباہی کاری اور اس کے منفی اثرات کے حوالے سے عوام باالخصوص طلبہ و طالبات میں آگہی پھیلانے کےلیے یونیورسٹیز اور پوسٹ گریجویٹ کالجوں میں سیمینارز اور آگہی سیشن منعقد کرنے کے ایک جامع پروگرام تشکیل دینے کی ہدایت کی۔