حکومت بلوچستان کا اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر کوچ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

جمعرات 2 اکتوبر 2025 11:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) حکومت بلوچستان نے اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر کوچ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سانحے پر صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے واقعہ کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ اوتھل زیرو پوائنٹ روانہ ہوئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

(جاری ہے)

ایم ای آر سی وندر، ایم ای آر سی تیارو اور ایدھی کی ٹیموں نے زخمیوں کو بروقت قریبی اسپتالوں میں منتقل کرکے فوری طبی امداد فراہم کی۔ حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور مکمل معاونت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ حکومت بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔