بی آئی ایس پی سے ایک کروڑ خاندانوں کے 60 ملین شہری مستفید ہورہے ہیں، نشوونما پروگرام سے 36 لاکھ مائیں استفادہ کر رہی ہیں ، چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:05

بی آئی ایس پی سے ایک کروڑ خاندانوں  کے  60 ملین شہری مستفید ہورہے ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی سے ایک کروڑ خاندانوں کی کفالت ہو رہی ہے ،ہر خاندان میں چھ افراد ہوتے ہیں اس طرح چھ کروڑ شہری مستفید ہورہے ہیں،نشوونما پروگرام کے تحت 36 لاکھ مائیں مستفید ہو رہی ہیں ،ملک میں بچوں کی گروتھ سٹنٹنگ میں 3.6فیصدکمی آئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ روبینہ خالد نے کہا کہ اس پروگرام کو حقارت کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے ، یہ پروگرام بہت سے لوگوں کے لیے زندگی کی امید ہے، صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بیس ماہ کے بچوں کی سٹنٹنگ میں 20فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے ، کفالت پروگرام کے تحت ایک کروڑ 70 لاکھ بچے رجسٹرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس میں ہمارا انتظامی خرچہ ایک فیصد ہے باقی پروگرام پرخرچ کررہے ہیں ۔ روبینہ خالد نے کہا کہ 216ارب روپے بچوں کی تعلیم پر اب تک خرچ کیے جا چکے ہیں اور اس پروگرام کے تحت 500سے زائد بچوں نے میٹرک میں اے گریڈ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر لوگوں کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کوئی معنی نہیں رکھتی مگر غریب کے لیے بہت معنی رکھتی ہے،یہ پروگرام بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ہے، ان کا وژن تھا کہ غریب طبقہ بھی اس ملک میں سر اٹھا کر جیے۔اس لیے اس پروگرام کے لیے حقارت نہ پیدا کی جائے۔\932

متعلقہ عنوان :