Live Updates

تحصیل کوٹ مومن کے 41 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے جہاں سروے کیلئے 25ٹیمیں متحرک ہیں

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:45

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)کمشنر ملک جہانزیب اعوان کی زیر صدارت متاثرین کے سروے کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ تحصیل کوٹ مومن کے 41 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے جہاں سروے کے لئے 25 ٹیمیں متحرک ہیں اور اب تک 1391 متاثرین کا سروے مکمل ہو چکا اور 671 گھروں کامعائنہ کیاگیاجن میں سے 401 گھر جزوی طور پر متاثر اور 270 مکانات مکمل طور پر تباہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ سروے ٹیموں نے 837.15 ایکڑ پر کھڑی فصلوں کے نقصانات کی نشاندہی کی ہے جبکہ 13 لائیو اسٹاک کے جانوروں کے مرنے کی رپورٹ دی ہے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ سروے ٹیموں کی رپورٹ کو تحصیل اور ضلع سطح پر قائم کمیٹیاں پڑتال کریں گی۔ محکمہ ہیلتھ اور لائیو اسٹاک کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح ہدایت کی کہ سروے کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے،کسی متاثرہ خاندان کی حق تلفی نہ ہو اور نہ ہی کسی کو ناجائز فائدہ پہنچایا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ سروے کا عمل آئندہ دو ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت امدادی رقوم اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :