Live Updates

پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے، حکومت فوری واپس لے، الفا فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)الفا فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس کے چیئرمین میاں محمد مقصود، جنرل سیکریٹری عبداللہ فاروق اور دیگر رہنماؤں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ظالمانہ، غیر منصفانہ اور عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر پندرہ دن بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اور اس ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کی آڑ لے کر غریب شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دینا ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 272 روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 284 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کا براہِ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا ظ ٹرانسپورٹ، آٹا، سبزیاں، دالیں، بجلی، گیس، سب کچھ مزید مہنگا ہو جائے گا۔

الفا فاؤنڈیشن کے قائدین نے مزید کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرائط کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، جب کہ عوام کی آواز کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ملک کے اندر مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور بدامنی جیسے مسائل پہلے ہی سر چڑھ کر بول رہے ہیں، اور اب پیٹرول بم گرا کر عام آدمی کی کمر توڑ دی گئی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

تیل کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے شفاف اور عوام دوست پالیسی بنائی جائے۔مہنگائی کے مارے عوام کو سبسڈی اور ریلیف پیکج فراہم کیا جائے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو عوامی ردعمل شدید ہوگا، اور سڑکوں پر احتجاج ایک ناگزیر حقیقت بن جائے گا۔ عوام اب مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں۔''
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات