Live Updates

سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض ،مچھروں کی افزائش کے تدارک کے لیے جامع آپریشن جاری

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:03

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) ضلع نارووال کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی کے ساتھ ساتھ وبائی امراض اور مچھروں کی افزائش کے تدارک کے لیے محکمہ ہیلتھ اور لائیوسٹاک کی ٹیموں کا جامع آپریشن جاری ہے۔محکمہ صحت کے افسران کے مطابق سیلابی پانی کے کھڑے ہونے کے باعث مختلف دیہاتوں میں مچھروں کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے تھے جس سے ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ موجود تھا۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ ہیلتھ اور لائیوسٹاک کی مشترکہ ٹیموں نے فوری طور پر مچھر مار سپرے کا آغاز کر دیا ہے۔سپرے مشینوں کے ذریعے دیہی علاقوں کی گلیوں، آبادیوں کے اطراف، کھڑے پانی اور دیگر متوقع مقامات پر سپرے کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈی۔سی نارووال کی ہدایت پر یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے اور اس میں ہیلتھ ورکرز، لائیوسٹاک ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار شریک ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق سیلاب متاثرین کی ہر ممکن بحالی کے ساتھ ان کی صحت و سلامتی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے مچھر مار سپرے کے عمل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور تمام متاثرہ دیہات کو مرحلہ وار کور کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :