ایوان صدر کے عقب میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرزقائم کرنے کا فیصلہ، پشاور سے اسلام آباد منتقلی کی تیاریاں مکمل

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) وفاقی حکومت نے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کا ہیڈکوارٹر پشاور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کی ہدایت پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) نے ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے ایوانِ صدر کے عقب میں بری امام کے قریب اراضی کی نشاندہی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل کیس کے طور پر ہیڈکوارٹر کی عمارت اسی مالی سال میں مکمل کی جائے گی، جبکہ آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری کا دفتر بھی اسی ہیڈکوارٹر کے اندر تعمیر کیا جائے گا۔واضح رہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کا قیام سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے عمل میں آیا تھا۔ تاہم 1975 میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں اسے وفاق کے ماتحت کر دیا گیا۔ اب اس ادارے کو قومی سطح پر داخلی سلامتی میں مزید مؤثر بنانے کے لیے ’فیڈرل کانسٹیبلری‘ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں ہیڈکوارٹر کی تعمیر سے نہ صرف ایف سی کی مرکزی کمانڈ کو تقویت ملے گی بلکہ ملکی سلامتی کے حوالے سے اہم فیصلوں میں ادارے کا کردار بھی نمایاں ہوگا۔