کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کے فرزند کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کے فرزند کی نماز جنازہ سی بی آر جامع مسجد ابوبکر صدیق، سی بلاک فیز ون میں ادا کر دی گئی جس میں حریت قائدین کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان، سماجی شخصیات اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے دوران کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے خطاب کرتے ہوئے موت کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین نے ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ صدمہ صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کا صدمہ ہے۔

کنونیر غلام محمد صفی نے اس موقع پر اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی کہ موت ہمیں اپنی ذمہ داریوں اور امانتوں کی یاد دہانی کرواتی ہے، کشمیر کی جدوجہد آزادی بھی ایک امانت ہے جسے ہمیں ہر حال میں اپنی آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنی جان، مال اور وقت اس مقدس مقصد کے لیے وقف کرتے رہیں گے تاکہ شہداء کا خون رائیگاں نہ جائے۔آخر میں مرحوم کے بلندی درجات کے لیے دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائےاور والدین سمیت تمام پسماندگان کو صبر و ہمت عطا فرمائے۔