:رحیم یارخان،سابقہ تکرارکی رنجش پرملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑگیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 22:40

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء)سابقہ تکرارکی رنجش پرملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والانوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑگیا،نعش پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے‘ پولیس نے اقدام قتل کے اندراج مقدمہ میں قتل کی دفعات شامل کردی‘ 24گھنٹے گزرجانے کے باوجود پولیس موقع سے فرارہوجانے والے قاتل ملزم کوگرفتارکرنے میں ناکام رہی‘ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز جناح پارک گلی نمبر9کے رہائشی علی رضانے پولیس کودی جانیوالی اپنی شکایت میں بیان کیاکہ اس کابھائی مقتول ارسلان افتخاررات کے وقت اپنے دوستوں علی حسن‘ کاشف طفیل‘کے ہمراہ گھرکی بیٹھک میں بیٹھاتھا کہ ملزمان روشن اور طلحہ جوکہ آتشی اسلحہ سے مسلح تھے دوکس نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ آگئے اور بھائی ارسلان افتخارپرسابقہ تکرارکی رنجش پرجان سے ماردینے کیلئے فائرنگ کردی جس سے سرمیں گولی لگنے کے نتیجہ میں ارسلان افتخارشدید زخمی ہوگیااورملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرارہوگئے‘ ارسلان افتخار کوانتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ارسلان افتخارزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا‘ اطلاع ملنے پرپولیس نے مقتول کی نعش تحویل میں لے کرپوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثائ کے حوالے کرنے کے بعد اقدام قتل کے درج مقدمہ میں قتل کی دفعات کااضافہ کرکے فرارہوجانے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی