کمشنر کراچی کی زیر صدارت دودھ ڈیری فارمرز ،ہول سیلرز، ریٹلیرزاور متعلقہ افسران کااجلاس

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت دودھ ڈیری فارمرز ،ہول سیلرز، ریٹلیرز، صارفین کے نمائندوں اور متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہواجس میں فیصلہ کیا گیا کہ دودھ کی نئی قیمت دودھ کا معیار چیک کرنے کے بعد مقرر کی جائے گی۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی نے دودھ کا معیار چیک کرنے کے لئے متعلقہ محکموں اور صارفین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی ہے، کمیٹی فارمرز ،ہول سیلرز اور ریٹلیرز کے دودھ کے نمونوں کو مطلوبہ ٹیسٹ کے ذریعے چیک کرے گی۔

کمیٹی کاسربراہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی کے ارکان میں بیورو اف سپلائی فوڈ اتھارٹی، ویٹ اینڈ میز رزکے افسران ،کنزیومر رایٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ اور غیاث الدین(صحافی) کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیٹی کو دودھ کے معیار سے متعلق اپنی رپورٹ ایک ہفتہ میں کمشنر کراچی کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمشنرکراچی نے کہا کہ مضر صحت دودھ فروخت کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اجلاس میں بیورو آف سپلائی نے دودھ کی نئی قیمت مقرر کرنے کے سلسلہ میں پیداواری لاگت کی رپورٹ اور نئی قیمت سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی جس میںدودھ کی نئی قیمت 235روپے (فارم) فی لیٹر کی تجویز پیش کی ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی نے دودھ کے معیار سے متعلق اجلاس کوبتایا کہ شہر میں خاص طور پرلی مارکیٹ میں ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ فراہم کیاجارہاہے۔

انہوں نے لی مارکیٹ میں دودھ آکشن کی رپورٹ بھی پیش کی جس میںدودھ کی چھ دکانوں کو مضرصحت دودھ فروخت کرنے پر سیل کر دیا گیاہے۔ اجلاس میں لی مارکیٹ ملک آکشن کو بند کرنے پر غور کیا تاہم لی مارکیٹ دودھ آکشن کی انتظامیہ ڈیری فارمرز ایسو سی ایشن نے اجلاس کو آکشن کے ذریعے فروخت کرنے والے دودھ کو آکشن مقام پر مطلوبہ تقاضوں اور ٹیسٹنگ کے بعد فروخت کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعداجلاس نے لی مارکیٹ میں ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کو لی مارکیٹ میں لیب ٹیسٹنگ مشینیں نصب کرنے کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا ہے،ایک ماہ میں ٹیسٹنگ نظام قائم نہیں کیا گیا تو لی مارکیٹ آکشن کو بند کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :