پارک کو سیل کرنے کیخلاف درخواست پر قصور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلب

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں قصور کے ایک پارک کو سیل کرنے کے خلاف درخواست پر قصور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو آج (جمعہ )ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری احمد نعیم کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم کے باوجود پارک کو سیل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

موقف میں مزید کہا گیا کہ پارک کو ڈی سیل نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔سماعت کے دوران قصور کے افسر اشتمال محمد ذوالفقار اور تحصیلدار میاں امجد نے جواب جمع کرایا تاہم عدالت نے ان کا جواب مسترد کر دیا۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ افسروں نے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر درخواست گزار پر غصہ نکالا ہے۔ عدالتی حکم عدولی پر کیوں نہ توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائی ۔ عدالت نے اس رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قصور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو آج بروز جمعہ ذاتی حیثیت میں لاہور ہائیکورٹ طلب کر لیا۔