اسرائیلی بحریہ کا فلوٹیلا کی 42 کشتیوں پر قبضہ، مشتاق احمد سمیت 150گرفتار

اسرائیلی فورسز نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی حراست میں لے لیا،تمام افرادکویورپ ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:30

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)اسرائیلی فوج نے غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بول کر کشتیوں میں سوار 450 سے زیادہ افراد گرفتار کرلیے۔فلوٹیلا کے قافلے میں سابق سینیٹر مشتاق احمد ، سوئیڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور نیلسن مینڈیلا کے پوتے، نکوسی زویلیولیلی سمیت 500 کے قریب افراد سوار تھے۔

فلوٹیلا کے منتظمین کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کے قافلے میں شامل 42 کشتیوں کو اسرائیلی بحریہ نے تحویل میں لیا جبکہ کشتیوں میں سوار 450 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

صیہونی فوج نے کشتیوں کا مواصلاتی نظام اور براہِ راست وڈیو نشریات جام کردیں۔منتظمین نے بتایا کہ اسرائیلی بحری افواج نے تازہ کارروائی میں گلوبل صمود فلوٹیلا کی کشتی ' آلکاتالا ' کو بھی تحویل میں لے لیا اور اس کشتی میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی سوار تھے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی قبضے میں لی گئی کشتیاں اشدود بندرگاہ پہنچ گئیں جہاں سے کشتیوں پر سوار سماجی کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کیا جائے گا۔عالمی فلوٹیلا پر فوجی دھاوے پر اسرائیلی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ نیتن یاہو نے امدادی کشتیوں کے خلاف کارروائی پر اسرائیلی فوج کو شاباش دی ہے۔